(جنید ریاض) محکمہ سکولز ایجوکیشن نے فیسوں میں 20 فیصد کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،کورونا وائرس کی وجہ سے فیس میں 20 فیصد کمی نہ کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے مئی اور جون کے مہینے کیلئے فیس میں 20 فیصد کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹفیکیشن تمام قانونی تقاضے اور قانون دانوں سے مکمل رائے لینے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام سکولز کورونا وائرس کی وجہ سے فیس میں 20 فیصد رعایت کریں گے جبکہ فیس میں کمی نہ کرنے والے سکولز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔نوٹیفکیشن کی کاپی پنجاب کے تمام سی ای او اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری کردی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ نجی سکولوں کی جانب سےمئی اور جون کے مہینے میں 20 فیصد فیس کم نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کے لئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے فیس کم نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف شکایت درج کرانے کے لئے نمبر جاری کیا تھا۔
صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ والدین 04299205101 پرکال کر کے اپنی شکایت درج کراسکیں گے، شکایت صبح 9 بجےسے سہ پہر 4بجے تک درج کرائی جاسکےگی، مراد راس کا کہنا ہے کہ پیر سے جمعہ متعلقہ نمبرز پر شکایات سنی جائیں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ نجی سکول انتہائی ذمہ دار ہیں، انہوں نے شکایات سے پہلے ہی فیس میں کمی کردی ہوگی۔
دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے افسران و ملازمین کو چھٹیوں کے دوران موبائل بند رکھنے پر پابندی لگادی، اسٹیشن سے باہر جانے سے قبل بھی افسران کو اتھارٹی سے اجازت لینا لازمی ہوگا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین نے چھٹی کے ساتھ ساتھ موبائل بھی بند کر دیئے جس پرمحکمہ سکول ایجوکیشن نے نوٹس لے لیا۔
محکمہ تعلیم نے تمام ذیلی اور الائیڈ اداروں کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ملازم یا آفیسر گھر پر بھی موبائل بند نہیں کرے گا جبکہ ہدایات کی خلاف ورزی پر کاروائی ہوگی۔ اسٹیشن سے باہر جانے سے قبل افسران کو اتھارٹی سے اجازت لینا بھی لازمی ہوگا۔