سٹی42: وفاقی وزارتِ تجارت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایران اور ایران کے زمینی راستے سے وسط ایشیائی ریاستوں کو آم کی برآمدات پر فنانشل انسٹرومنٹ کی شرط 4 ماہ کیلئے ختم کردی ۔
وزارت تجارت کے نوٹیفیکشن کے مطابق استثنیٰ یکم جون 2026 سے 30 ستمبر 2026 تک مؤثر رہے گا، فیصلے کا مقصد پاکستانی آم کی برآمدات میں اضافہ اور نئی منڈیوں تک رسائی آسان بنانا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج قواعد کے تحت فنانشل انسٹرومنٹ کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔
پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے خیر مقدم کیا ۔ پی ایف وی اے نے وزارتِ تجارت کے اقدام کا خیر مقدم کر دیا، آم کی برآمدات کا سیزن یکم جون سے شروع ہو رہا ہے۔ ایران اور وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی آم کی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، خلیجی کشیدگی کے باعث فریٹ چارجز میں کئی گنا اضافہ اور پروازوں میں تعطل کا سامنا ہے، ایرانی مارکیٹ میں پاکستانی آم کی طلب بڑھنے کا امکان ہے ، خلیجی منڈیوں میں ممکنہ کمی کو متوازن کرنے میں مدد ملے گی، پی ایف وی اے وسط ایشیائی ریاستوں میں پاکستانی آم کے روڈ شوز بھی منعقد کرے گی۔