(سٹی 42) صوبائی وزیر سندھ محکمہ خوراک و اقلیتی امور ہری رام کشوری لال کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر سندھ محکمہ خوراک و اقلیتی امور کو محکمہ کی میٹنگ کے دوران دل کا دورہ پڑا ہے، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگئے، انہیں طبی امداد کیلئے فوری این آئی سی وی ڈی منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان صوبائی وزیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہری رام کشوری لال کا بلڈپریشرہائی ہوگیا تھا، جس کے باعث وہ بے ہوش ہوئے، طبی امداد ملنے کے بعد ہری رام کشوری لال کی طبعیت بہترہے اور وہ ہوش میں ہیں، ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا۔
یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس 47 (میرپورخاص) سے ہری رام کشوری لال پاکستان پیپلز پارٹی کی نشست پرسندھ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تھے۔
طبی ماہرین کے مطابق اچانک دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں عام طور پر دل غیر منظم انداز میں کام کرتا ہے، خون کی گردش رک جاتی ہے اور خون پھیپھڑوں یا دماغ تک نہیں پہنچتا جس کی وجہ سے انسان اچانک ہوش کھو بیٹھتا ہے اور اس کی سانس رک جاتی ہے، کوئی بھی ہوش کھوئے بغیر چار یا پانچ سیکنڈز سے زیادہ عرصے تک اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔