ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو منہ کی کھانی پڑی، پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ ہتھالہ کی حدود علاقہ ملنگ کے قریب فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، پولیس نفری ٹکواڑہ کے علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دینے کے بعد واپس آرہی تھی کہ دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔
ڈیرہ پولیس کی جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان گنڈاپور گروپ کا سرگرم دہشتگرد فتح ولد حنان ہلاک جب کہ 2 مزید دہشتگرد زخمی ہوئے، حملے کے دوران پولیس پارٹی محفوظ رہی۔ جس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں ایس پی صدر اور ڈیرہ پولیس کی نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کردیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الخوارج کا پیچھا کر کے ٹھکانے لگانے کے لیے پُرعزم ہیں۔