احمد منصور: ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و دوطرفہ سیکیورٹی اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسے امن و استحکام کے لیے ناگزیر کردار قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کو علاقائی امن کے قیام کا ایک اہم ستون بھی قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے علاقائی سلامتی، سرحدی تعاون اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔