جان شیر: حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ کے فیصلے کے خلاف اپر دیر سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن میں آج تاجر برادری کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
احتجاج کے باعث تمام بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور بازار بند ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
اپر دیر میں دیر شہر، شرینگل، لرجم، براول اور ڈوگدرہ سمیت مختلف علاقوں کی مارکیٹیں بند رہیں۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
ہڑتال کی حمایت میں جماعت اسلامی، وکلا برادری، ڈاکٹرز، کنسٹرکشن ایسوسی ایشن اور مختلف سیاسی، سماجی و پیشہ ور تنظیمیں بھی میدان میں آ گئی ہیں، جنہوں نے تاجروں کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا ہے۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔