ویب ڈیسک: اٹلی میں ہونے والی جی ٹی 4 یورپین سیریز کے دوران بھارت کے معروف اداکار اور ریسنگ کے شوقین اجیت کمار کی کار ایک حادثے کا شکار ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ میزانو (Misano) ریسنگ ٹریک پر اُس وقت پیش آیا جب اجیت دوسری راؤنڈ کی ریس میں حصہ لے رہے تھے۔ خوش قسمتی سے اداکار کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی، لیکن انہیں مقابلے سے باہر ہونا پڑا۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اجیت کی کار ریس کے دوران ایک کھڑی کار سے ٹکرائی۔ رفتارتیز ہونے کے باوجود اجیت نے اپنی مہارت اور تجربے سے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔
ریس کے بعد منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں اجیت کو ٹریک پر موجود عملے کے ساتھ ملبہ صاف کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک کمنٹیٹر نے کہا ”اجیت کمار کار سے باہر آ گئے ہیں، ریس سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ پہلا بڑا حادثہ ہے جس کا وہ اس سال شکار ہوئے ہیں۔ لیکن وہ ایک بہترین چیمپیئن ہیں۔
اجیت کو حال ہی میں بھارتی حکومت کی جانب سے پدما بھوشن سے بھی نوازا گیا، جو ان کے فلمی اور ریسنگ کیریئر میں نمایاں خدمات کا اعتراف ہے۔
فلمی محاذ پر، اجیت کمار کی حالیہ فلم ’گڈ بیڈ اگلی‘ (Good Bad Ugly) باکس آفس پر 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تمل فلم بن چکی ہے۔