جمال الدین جمالی: منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع، کیس منتقلی کے فیصلے کے مطابق متعلقہ عدالت میں چالان جمع نہ کروانے پر بنکنگ جرائم کورٹ کا شدید اظہار برہمی۔
تفصیلات کے مطابق بنکنگ جرائم کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے کیس پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت سے متعلق اپنی حاضری مکمل کرائی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ کیس منتقلی کے فیصلہ کے باوجود ایف آئی اے نے ابھی تک چالان متعلقہ عدالت میں جمع نہیں کروایا، ہم نہیں جانتے اب ضمانت کی درخواست کہاں دائر کریں۔
شہباز شریف کورونا مثبت آنے پر پیش نہیں ہوسکے، حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے، ایف آئی اے نے16ماہ سے فائل اپنے پاس رکھی ہوئی ہے، کیس کو لٹکایا جا رہا ہے، ایف آئی اے کے وکیل نے کہا ان کے پاس اسکے علاوہ کوئی بات نہیں ہوتی، جس پرعدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہایہ درست کہہ رہے ہیں۔
آپ نے گزشتہ سماعت پر کہا تھا کہ چالان سپیشل جج سینٹرل کے پاس جمع کروا رہے ہیں، جمع کیوں نہیں کرایا، آپ تمام نکمے ہیں، ایف آئی اے کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ چالان جلد جمع کرا دینگے، عدالت نےچالان جلدجمع کروانے کا حکم دیا ہے۔