سٹی42: پاک فوج میں اعلی خدمات پیش کرنے والے سابق ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل ریٹائرڈ حسین مہدی قضائے الہی سے انتقال کرگئے۔
حسین مہدی نے میٹرک کی تعلیم کیتھڈرل ہائی سکول سے حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج سے گریجویشن کے بعد 1970 میں پاک فوج میں کمیشنڈ حاصل کیا۔ 1971 کی جنگ کے دوران حسین مہدی پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت تھے۔ پی ایم اے سے پاسنگ آوٹ کے بعد پاک فوک کی مایہ ناز کور آرمڈ کور کی 38 کیولری یونٹ میں شمولیت اختیار کی، حسین مہدی کھاریاں کینٹ میں جی ایس او تھری کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔
حسین مہدی نے کوئٹہ میں موجود اپنی یونٹ 38 کیولری کی کمانڈ بطور کمانڈنگ افسر سنبھالی، حسین مہدی ترقی پاتے ہوئے بریگیڈیر کے عہدے پر 51 بریگیڈ کو چھور کینٹ سندھ میں کمانڈ کرتے رہے بعد ازاں میجرجنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد مارچ 2003 میں ڈی جی رینجرز پنجاب کے اہم عہدے پر فائز ہوئے جس کی ذمہ داریاں 2007 تک احسن طریقے سے انجام دیتے رہے۔ میجر جنرل ریٹائرڈ حسین مہدی باسکٹ بال کے بہترین کھلاڑی تھے 1973 کی تہران میں ہونے والی ایشئین گیمز میں شرکت کی جبکہ فرینڈز باسکٹ بال کلب لاہور سے کھیلتے ہوئے ایک ہی میچ میں 100 باسکٹ کرنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا۔