ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چھکوں چوکوں کی برسات، سمیر منہاس نے بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں تاریخ رقم کر دی

چھکوں چوکوں کی برسات، سمیر منہاس نے بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں تاریخ رقم کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس نے بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی، دبئی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سمیر منہاس نے بھارتی بولرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور چھکوں چوکوں کی برسات کر دی۔

سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے شاندار 172 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ انڈر 19 کرکٹ میں باؤنڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ سمیر نے اپنی اننگز میں 122 رنز صرف باؤنڈریز کی مدد سے حاصل کیے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل یہ اعزاز شمائل حسن کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف 150 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس میں 94 رنز باؤنڈریز سے حاصل کیے گئے تھے۔ شمائل نے اس میچ میں 13 چوکے اور 7 چھکے لگائے تھے۔

سمیر منہاس کون ہیں؟
انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے ہیرو سمیر منہاس 2 دسمبر 2006 کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ کے بیٹر ہیں اور ضرورت پڑنے پر لیگ بریک گگلی بھی کروا سکتے ہیں، تاہم ٹیم میں ان کا بنیادی کردار ایک اوپننگ بلے باز کا ہے۔ ان کے پسندیدہ کرکٹر ان کے بڑے بھائی اور قومی کرکٹر عرفات منہاس ہیں۔

سمیر منہاس نے ٹورنامنٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی میچ میں انہوں نے ملائیشیا کے خلاف ناقابل شکست 177 رنز بنا کر پاکستان کو 345 رنز کے بڑے مجموعے تک پہنچایا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں بھی انہوں نے 69 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر پاکستان کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اگرچہ انہوں نے گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف صرف 9 رنز بنائے تھے، مگر فائنل میں روایتی حریف کے خلاف بڑی اننگز کھیلنے کی خواہش کو حقیقت میں بدل دیا۔ فائنل میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 152.21 رہا۔

پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل
سمیر منہاس کی فارم، مستقل مزاجی اور دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت نے انہیں ٹورنامنٹ کا سب سے نمایاں اور زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بنا دیا ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق وہ پاکستان کی نوجوان کرکٹ ٹیم کے مستقبل کے بڑے بیٹرز میں شامل ہو سکتے ہیں۔انڈر 19 ایشیا کپ میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں ٹورنامنٹ کا ہیرو بنا دیا ہے اور شائقین کرکٹ اب ان سے مستقبل میں مزید بڑی اننگز کی توقع کر رہے ہیں۔