سٹی42: پنجاب بھر میں پروبیشن اور پیرول نظام کو مؤثر بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے پروبیشن اینڈ پیرول افسران کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 21 پروبیشن اینڈ پیرول افسران کی تعیناتی پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے ذریعے عمل میں لائی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق پروبیشن افسران حادثاتی مجرمان کی اصلاح، بحالی اور نگرانی کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے، جبکہ پیرول افسران پیرول پر رہا ہونے والے مجرمان کی اصلاح اور دیکھ بھال پر مامور ہوں گے تاکہ انہیں دوبارہ معاشرے کا مفید فرد بنایا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خلیل الرحمٰن کو پروبیشن آفیسر لاہور تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ماہنور عرفان سیالکوٹ، انوشہ فیروز منڈی بہاؤالدین، محمد نواز جہلم، شہریار پاکپتن، رومانہ عظیم راجن پور، محمد ارسلان اور ارشد علی رحیم یار خان، اقراء مصطفیٰ اور طلحہ حسین اٹک، زاہرہ سجاد سرگودھا، دل آویز لاہور، رضوانہ سرفراز فیصل آباد، مریم افتخار اور طاہرہ پرویز کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پروبیشن آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح مصباح پروین کو پیرول آفیسر راولپنڈی ڈویژن، ماہنور پرویز اور آسیہ نور کو پیرول آفیسر ساہیوال تعینات کیا گیا ہے، جبکہ سحر بتول اور خالق نعیم راولپنڈی، محمد محسن نارووال میں پروبیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق تمام تعینات افسران کو پری انڈکشن ٹریننگ کے لیے ڈائریکٹر جنرل پروبیشن اینڈ پیرول کے سپرد کر دیا گیا ہے اور ابتدائی تربیت مکمل کرنے کے فوری بعد افسران اپنے اپنے تعیناتی کے مقامات پر جوائن کریں گے۔