عابد چودھری: معاشرے میں جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے سے معصوم لڑکیاں عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہیں۔خواتین گھر، کام کی غرض سے دفاتر اور مارکیٹ بھی جاتے ہوئے غیر محفوظ ہیں۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کی روک تھام میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس سبزہ زار کے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو اغواء کے بعد ایک ماہ تک زیادتی کرنیوالے ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان ذیشان اور عثمان لڑکی کو ورغلا پھسلا کر رائیونڈ مکان میں لے گئے، ملزمان تقریباً ایک ماہ تک لڑکی کو زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ 17سالہ لڑکی کو بازیاب کروا کر والدین کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کا کہنا تھا کہ انچارج انویسٹی گیشن سبزہ زار محمد عالم لنگڑیال نے ہمراہ ٹیم شب وروز محنت کے بعدملزمان کو گرفتار کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے نوٹس پر17سالہ لڑکی کو اغواء کرنیوالے دونوں ملزمان گرفتار کیا گیا۔ لڑکی کی والدہ نے تھانہ سبزہ زار میں اس کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لڑکی کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے، ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ زیادتی کے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی طرف سے سبزہ زار پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی گئی۔