سٹی42: علیمہ خان نے الزام لگایا ہے کہ مسلح افراد ان کے گھر میں گھس کر بالائی منزل سے ان کے بیٹے کو اغوا کر کے لے گئے۔ پی ٹی آئی نے بھی علیمہ خان کے بیٹے کے اغوا کی شکایت کرتے ہوئے اس کی بازیابی کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو ان کے گھر سے مسلح افراد نے اغوا کرلیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں علیمہ خان کے بیٹے شاہریز خان کے اغوا اور اہل خانہ پر حملے کی مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے کا اغوا اور حملہ قابلِ مذمت اور شرمناک حرکت ہے، مسلح افراد دروازے توڑ کر شاہریز خان کو بیڈ روم سے اغوا کر کے لے گئے جبکہ ملازمین پر تشدد کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ شاہریز خان کے کمرے میں گھس کر تشدد کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ مریم نواز اور ان کی حکومت کے حکم پر ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے اور شاہریز خان کو بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر شاہریز خان کو بازیاب نہ کیا گیا تو عوامی غیظ و غضب کا طوفان روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔