(سعید احمد)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا وزارتِ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
اس موقع پر سعد رفیق نےعوام کی سہولت کے لیے عید کے دنوں میں کرایوں میں کمی کی ہدایات جاری کیں۔
وفاقی وزیر کے دورے کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کا استقبال کیا اور ریلوے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی، خواجہ سعد رفیق نے سی ای او کو ہدایت دیں کہ مسافروں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے، ترقی کا کام وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے 2018 میں رکا تھا، تمام منصوبے دیانتداری سے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہم نے ریلوے کو پٹڑی پر بھی چڑھانا ہے،اس کی رفتار بڑھانی ہے، ادارے کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا، ملک کی معاشی صورتحال بہت گھمبیر ہے،جو پرزے ہماری ورکشاپس میں بن سکتے ہیں، ان کو درآمد نہ کیا جائے، ٹرینوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں کی بہت شکایات ہیں، اس ضمن میں کوئی کمپرومائز نہ کیا جائے، سروس کا معیار ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے۔