پہلا روزہ کب ہوگا؟ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب

پہلا روزہ کب ہوگا؟ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہد ندیم سپرا )ماہ مقدس رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ایوان اوقاف میں ہوگا۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات کے نمائندوں سمیت جید علما کرام شریک ہوں گے۔ اجلاس کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کریں گے۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، جامعہ اشرفیہ سے مولانا فضل الرحیم اشرفی، ادارہ منہاج الحسین سے ڈاکٹر محمد حسین اکبر اور ڈاکٹر عبدالغفور راشد سمیت دیگر علما اجلاس میں شریک ہوں گے۔

زونل رویت ہلال کمیٹی شہر سمیت پنجاب بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول کرے گی، پہلے روزے کا باقاعدہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

دوسری جانب  ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت میٹ آفس کراچی میں جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اسلام آباد کی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوہسار کمپلیکس میں منعقد ہوگا جب کہ تمام زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے۔ 

دوسری جانب ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں رمضان کا چاند جمعرات کو نظر نہیں آسکے گا اور ملک میں رمضان کا پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ملک کے 80 فیصد علاقوں میں مطلع صاف ہوگا، صرف شمالی علاقہ جات اور کے پی کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق انسانی آنکھ سے نظرآنے کے لیے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے اور جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی۔

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی زیادہ سے زیادہ عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی لہذا ملک بھر میں یکم رمضان المبارک بروز ہفتہ 25 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer