ریڈیالوجی بلاک سروسز ہسپتال کا منصوبہ 10 برس بعد بھی ادھورا

ریڈیالوجی بلاک سروسز ہسپتال کا منصوبہ 10 برس بعد بھی ادھورا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چودھری ) ریڈیالوجی بلاک سروسز ہسپتال کا منصوبہ 10 برس بعد بھی ادھورا، 2009 میں شروع ہونے والے منصوبے کو دو برس میں مکمل ہونا تھا، تاخیر سے لاگت بڑھ گئی، ڈیڑھ ارب خرچ ہوچکے، تکمیل کیلئے مزید 70 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز درکار ہیں۔

سروسز ہسپتال میں ریڈیالوجی کی جدید تشخیصی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 2009 میں ریڈیالوجی بلاک کی تعمیر کا آغاز کیا گیا تھا، جس کو دو برس میں مکمل ہونا تھا، تاہم فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے ریڈیالوجی بلاک کا منصوبہ دس برس بعد بھی ادھورا پڑا ہے۔

ریڈیالوجی بلاک کی تعمیر اور ایم آر آئی سمیت جدید تشخیصی مشینری اور طبی آلات کی خریداری پر اب تک ڈیڑھ ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں اور منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید 70 کروڑ روپے سے زائد رقم درکار ہے۔ رواں مالی سال میں موجودہ حکومت نے بھی ریڈیالوجی بلاک کی تعمیر کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم نہ کئے جس کے باعث منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

حکومت نے چھ ماہ قبل یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ریڈیالوجی بلاک میں جدید ایم آر آئی مشین نصب کرکے دو ماہ میں فعال ہوجائے گی لیکن یہ وعدہ بھی وفا نہ ہوسکا اور ایم آر آئی مشین تک فعال نہیں ہوسکی۔ ریڈیالوجی بلاک کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں آنے والے مریض امراض کی تشخیص کی جدید سہولتوں سے محروم ہیں۔