ویب ڈیسک :کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگ کر باپ بیٹے کی ہلاکت کے کیس میں عدالت نے کے الیکٹرک کو متوفین کے ورثا کو 5 کروڑ 6 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے باپ اور بیٹے کے ورثا کو سینئر سول جج جنوبی کی عدالت نے 5 کروڑ 6 لاکھ روپے ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ ہرجانے کی رقم 30 دن کے اندر عدالتی ناظر کے پاس جمع کرائی جائے۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ عدالتی ناظر رقم متوفین کے ورثا کو ادا کرے اور ادا کرنے کے بعد عدالت کو اس کی اطلاع فراہم کرے۔
یہ فیصلہ شہریوں کے لیے ایک اہم مثال ہے کہ پاور سپلائی کمپنیوں کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے کی صورت میں قانونی ذمہ داری عائد کی جا سکتی ہے۔