سٹی 42: جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے تسلسل کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ تازہ صورتحال میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔
خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز کے مطابق یہ اقدام مبینہ طور پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل مسلسل معاہدے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اور یہ فیصلہ “پہلا قدم” ہے جس کا مقصد مخالف فریق کی کارروائیوں کا جواب دینا ہے۔
ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔
لبنانی وزیراعظم نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب سفارتی محاذ پر بھی پیش رفت متوقع ہے، جہاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آئندہ ہفتے امریکا میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔