احمد منصور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں روز بروز تیز ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام انتخابات اور جمہوری عمل میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، جس سے سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
الیکشن شیڈول کے تحت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کے لیے سینکڑوں امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔ مختلف حلقوں میں امیدواروں کے ہمراہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی۔
وادی نیلم سے امیدوار شاہ غلام قادر نے اپنے کارکنوں کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ اس موقع پر احاطہ کچہری اٹھمقام میں کارکنوں نے پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اسی طرح ڈڈیال سے امیدوار شعیب عابد نے بھی سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ کر اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔
دوسری جانب بعض حلقوں کی جانب سے انتخابات کے بائیکاٹ یا سیاسی عمل سے دور رہنے کی اپیلوں کے باوجود عوامی شرکت اور امیدواروں کی بڑی تعداد میں نامزدگیوں کو جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی و قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے آئینی اور جمہوری راستہ ہی مؤثر ذریعہ ہے۔ اس ضمن میں آزاد کشمیر سپریم کورٹ بھی اپنے حالیہ مشاورتی فیصلے میں آئینی اور سیاسی عمل کو مسائل کے حل کا بنیادی راستہ قرار دے چکی ہے۔