سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈریشن انٹرنیشنل دی ہاکی (ایف آئی ایچ) نیشنز کپ کے سیمی فائنل میچ میں فرانس کے خلاف فتح پر پاکستانی ہاکی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی پزیرائی کی، ساتھ ہی پاکستان ہاکی ٹیم کی ایف آئی ایج نیشنز کپ کے فائنل میں رسائی پر پوری قوم کو بھی مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور دل جیت لئے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ میری دعا ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم فائنل میچ میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جلد ہی ہم ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کریں گے۔