(سٹی42)پاکستان ٹیلی ویژن پر ڈرامہ سیریل ارطغرل غاز ی نے ریکارڈز قائم کردئیے ہیں، پی ٹی وی کے ذریعے دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانیوالا ڈرامہ بن چکا ہے، گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی شاندار آواز میں ارطغرل غاز ی کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی بھی ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غاز ی کی دیوانی نکلی،پاکستان میں بے حد پسند کیاجانے والا یہ ڈرامہ نہ صرف ترکی بلکہ پاکستانی عوام بھی اس کوشوق کے ساتھ دیکھتی ہے،حال ہی میں لالی وڈ انڈسٹری کے نامور اداکارو ہدایتکار شان شاہد اس ڈرامے پر تنقید کرتے رہے پھر اچانک ہی اس کے حق میں بول پڑے۔
اب گلوکارہ حدیقہ کیانی نےاس ڈرامے کی حمایت کرتے ہوئے اپنی آواز میں خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے ترک زبان میں گانا گاکر ناصرف پاکستانی عوام کو خوش کیا ہے بلکہ تُرکی کے لوگوں کے بھی دل جیت لیے ہیں۔ انسٹاگرام پر حدیقہ کیانی نے اپنی خوبصورت آواز میں گنگنائے گئے ’ارطغرل غازی‘ کے ٹائٹل سانگ کی ویڈیو پوسٹ کی جس کے ساتھ ہی اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔
حدیقہ کیانی نے لکھا کہ ’پاکستان اور ترکی کے لیے میری محبت کسی دوسرے ملک کی محبت سے بالکل برعکس ہے کیونکہ میرے آباؤ اجداد کا تعلق ترکی کے شہر ازمیر سے ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں بچپن سے ہی ترکی سے وابستہ رہی ہوں اور میں نے بچپن میں ہمیشہ ترکی میں منعقدہ بچوں کے بین الاقوامی میلے میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔‘
ان کا کہناتھا کہ 2005 میں جب میں واپس ترکی گئی تھی تو میں نے ’اتاترک کلچرل سینٹر اینڈ اوپیرا ہاؤس‘ میں ایک بار پھر سے پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور اس دوران سب سے خاص بات یہ تھی کہ میں نے ترکی کا مشہور گانا ’Sen Aglama‘ گایا تھا اور میں نے اپنی گلوکاری کے ذریعے اُس ملک کے لوگوں سے پاکستانی عوام کی محبت کا اظہار کیا تھا جو ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوتا ہے۔‘
اب 2020 میں پاکستان میں ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی کامیابی کے بعد میں نے ایک بار پھر ترکی کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرنے کا ارادہ کیا اور میں نے اس حوالے سے میں ترک زبان میں ’ارطغرل غازی‘ کا ٹائٹل سانگ گایا ہے۔میں نے اپنی گلوکار ی کے ذریعے ترکی کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے تاکہ اسی طرح پاکستان اور ترکی کے مابین ثقافت، فن اور محبت کے ذریعے دوستی پروان چڑھتی رہے۔‘
ان کا مزید کہناتھا کہ اُمید کرتی ہوں کہ آپ کو میری آواز میں یہ گانا پسند آئے گا۔حدیقہ کیانی کے اس گانے کو 17ہزار سے زائد افراد سُن چکے ہیں اور ترکی سمیت پاکستانی عوام اس گانے کو خوب پسند کر رہے ہیں۔