سٹی 42 : پیٹرولیم ڈیلرز نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں قیمتوں میں اصلاحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چیف ایڈوائزر پی پی ڈی اے ملک خدا بخش نے کہا کہ آبنائے ہرمز بحران کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، پیٹرولیم قلت کے باوجود پاکستان میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رہی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا۔ ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی سات روزہ اوسط قیمت پر مبنی تھا، یومیہ قیمتوں سے شفافیت بڑھے گی، مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
پی پی ڈی اے وفد کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز اور او ایم سیز کے مابین ضوابط کی تیاری میں پیٹرولیم ڈیلرز کو شامل کیا جائے۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ڈیلرز کی آراء کو قواعد و ضوابط کی تیاری میں شامل کیا جائے گا۔
پی پی ڈی اے کی جانب سے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے غور کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ ڈیلرز کے مارجن اور دیگر امور پر پی پی ڈی اے اور اوگرا کی میٹنگ کل ارینج کروائی ہے۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پی پی ڈی اے کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
پی پی ڈی اے کے وفد میں چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش، راجہ وسیم کیانی، چوہدری ظفر الٰہی، بابر علی چوہدری اور چوہدری فیصل عارف شامل تھے۔