ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سلمان خان کی دبلی پتلی تصاویر اور ویڈیو وائرال، مداحوں کو پریشانی لاحق

سلمان خان کی دبلی پتلی تصاویر اور ویڈیو وائرال، مداحوں کو پریشانی لاحق
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی حالیہ عوامی تقریب میں دبلی پتلی دکھائی دینے والی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس بحث کے دوران سلمان خان نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر مگر معنی خیز پوسٹ شیئر کیا، جسے انکی صحت سے متعلق افواہوں پر بالواسطہ ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی ذرائع  ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اداکار سلمان خان نے اپنی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے ، اور یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب  اداکارسلمان خان سلم ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی (SRA) کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے اداکار کی نسبتاً دبلی پتلی جسمانی ساخت کو موضوعِ بحث بنایا اور ان کی صحت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔ اس کے بعد سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کا ایک سلسلہ شیئر کیا، جن میں وہ سیاہ لباس اور کاؤ بوائے ہیٹ میں نظر آ رہے ہیں۔

 اداکار سلمان خان نے تصاویر کے ساتھ مختصر کیپشن بھی لکھا ہے  ’’آپ لوگوں کی طبیعت کیسی ہے؟‘‘ جس سے اداکار نے یہ تاثر دیا کہ میں ٹھیک ہوں آپ لوگ کیسے ہیں۔۔ اگرچہ سلمان خان نے اپنی پوسٹ میں براہِ راست کسی افواہ یا تبصرے کا ذکر نہیں کیا، تاہم سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اسے انکی صحت سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کا غیر مستقیم جواب قرار دیا۔ تقریب کے وائرل ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض مداحوں نے سلمان خان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے ان کی ظاہری تبدیلی پر حیرت کا اظہار کیا۔ایک صارف نے لکھا کہ ’’وہ بیمار دکھائی دے رہے ہیں، اللہ انہیں صحت دے۔‘‘ ایک اور مداح نے تبصرہ کیا، ’’میرا ہیرو اب عمر کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔‘‘ ایک صارف نے سوال اٹھایا، ’’کیا سلمان خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے؟‘‘ جبکہ ایک اور نے لکھا کہ وہ ابتدا میں سلمان خان کو پہچان ہی نہیں سکے، تاہم ان کے محافظ شیرا کو دیکھ کر یقین ہوا کہ ویڈیو میں موجود شخصیت واقعی سلمان خان ہی ہیں۔

 اس کے علاوہ بھی صارفین نے ان کی جسمانی تبدیلی کو عمر سے جوڑتے ہوئے مختلف آرا کا اظہار کیا، تاہم ان تمام تبصروں کے باوجود سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے انکی صحت سے متعلق کوئی باضابطہ وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سلمان خان اپنے فلمی منصوبوں میں مصروف ہیں۔ وہ اس وقت ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی فلم ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس فلم کا ابتدائی عنوان ’بیٹل آف گلوان‘ تھا۔