سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن علی ) عید الاضحیٰ سےچند روز قبل شہر میں منافع خوروں کی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئیں، سبزیوں کی من مانی قیمت پر فروخت دھڑلےسے جاری ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بیشتر سبزیوں کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کا اضافہ کردیا گیا۔

عید الاضحیٰ کی آمد آمد، شہر میں منافع خور مافیا کی سرگرمیاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں، ایک ہفتے کے دوران مختلف سبزیوں کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کا اضافہ کردیا۔ گزشتہ ہفتے مختلف علاقوں میں ادرک 400 روپے میں فروخت ہورہا تھا جبکہ اب ادرک 480 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

چند ہفتے قبل 20 روپے میں فروخت ہونے والے ٹماٹر 120 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، لہسن 160 سے180 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا جو کہ اب 300 روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔ آلو 80 سے 90 روپے، لیموں 160، ہری مرچ 120 اور ہرا دھنیا 250 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔

عید سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر شہری حکومت سے نالاں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے صرف دعوے کرتی ہے اور عوام کو منافع خورمافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ان کے خلاف کارروائی کرتے ہیں لیکن سبزی منڈیوں میں موجود منافع خوروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی۔