یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمت میں اضافہ

یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمت میں اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حسن علی ) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی انوکھی منطق، اوپن مارکیٹ کی طرح یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی دالوں کی قیمتوں میں اضافہ، قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے باوجود دالیں نئی قیمت پر فروخت کی جانے لگیں۔

یوٹیلیٹی سٹورز کی لسٹ میں دالوں کے ریٹس کم جبکہ اصل میں قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز پر دالیں اور چنے پچیس سے ستر روپے فی کلو تک مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز کی ریٹ لسٹ میں دال مسر کی قیمت ایک سو روپے مقرر ہے جبکہ ایک سو تیس روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے، دال مونگ دھلی کی مقرر کردہ قیمت ایک سو پانچ روپے تھی مگر انتظامیہ کی جانب سے پرائیویٹ کمپنیوں کو ٹینڈر کرنے کے بعد قیمت ایک سو پچاسی روپے ہوگئی۔

اسی طرح کالے چنے کا ریٹ ایک سو پانچ روپے تھا جو کہ اب ایک سو اٹھائیس روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، سفید چنے یوٹیلٹی سٹورز کی پیکنگ میں ایک سو پچیس روپے میں فروخت کیے جارہے تھے تاہم اب اس کی قیمت ایک سو پچاس روپے ہوگئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے ان سٹورز کی افادیت ختم ہو چکی ہے۔

ماضی میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان ٹینڈر کرکے بھاری مقدار میں دالیں خرید کر خود پیکنگ کیا کرتا تھا، لیکن اب یہ ٹینڈر پرائیویٹ پارٹی کو دے دیا گیا ہے جبکہ سپلائی آنے پر انتظامیہ کی جانب سے تحریری طور پر نئی قیمتوں کے بارے آگاہ نہیں کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز پر تو ریلیف دے۔