کلر کہار حادثہ، اموات کی تعداد 14 ہو گئی

کلر کہار حادثہ، اموات کی تعداد 14 ہو گئی
کیپشن: Accident
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ڈپٹی کمشنر چکوال نے بتایا ہے کہ چکوال میں کلر کہار کے قریب باراتیوں کی بس کو پیش آنے والے حادثے کے 2 اور زخمی دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی، جبکہ 63 افراد زخمی ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ شناخت کے بعد 6 خواتین سمیت 12 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں، جبکہ جاں بحق 2 افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین سمیت 14 افراد شامل ہیں۔

حادثے کی شکار بس اسلام آباد سے لاہور جا رہی تھی، بس میں باراتی سوار تھے، بریک فیل ہوجانے کے باعث بس کو حادثہ پیش آیا۔موٹر وے پولیس کے مطابق بس کو کاٹ کر جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس دوسرے ٹریک سے آنے والی 3 گاڑیوں سے بھی ٹکرائی ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کلر کہار ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان کے ذریعے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

پنجاب کے نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس اور انتظامیہ سے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔