ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت کے ایک اور معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر انتقال کرگئے

بھارت کے ایک اور معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر انتقال کرگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ملیالم فلم انڈسٹری کی مقبول شخصیت، اداکار، اسکرین رائٹر، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سری نیواسن ہفتے کے روز 20 دسمبر کو 69 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔اداکار کے انتقال کی خبر معروف میڈیا ادارے ’’ماتھروبھومی‘‘ نے دی۔

رپورٹس کے مطابق سری نیواسن کو ہفتے کی صبح ڈائیلاسز کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ اچانک طبیعت مزید بگڑ گئی انہیں فوری طور پر تریپونیتھورا تعلق ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں صبح 8:30 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

سری نیواسن کو ملیالم سینما میں ایک ہمہ جہت فنکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اداکاری سے لے کر لکھاری، ہدایت کاری اور پروڈکشن تک انہوں نے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ اپنی صاف گو تحریروں، منفرد مزاح اور معاشرتی مسائل پر گہری سوچ کے باعث بڑے پیمانے پر پسند کیے جاتے تھے۔

فلمی حلقوں کے مطابق سری نیواسن محض ایک فلم ساز نہیں تھے بلکہ عام لوگوں کے جذبات، احساسات اور تجربات کو کہانیوں میں ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے کردار اور فلمیں شائقین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

سری نیواسن کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں افسردگی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کی خدمات اور فن کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

سری نیواسن نے اپنے طویل کیریئر میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد اعزازات حاصل کیے اور فلمی دنیا میں ان کا مقام ہمیشہ نمایاں رہے گا۔