(ملک اشرف) چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ آج ریٹائر ہوجائیں گے، سپریم کورٹ کیطرف سے آج انہیں عشائیہ بھی دیا جائے گا، نامزد چیف جسٹس گلزار احمد کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ 65 سال عمر پوری ہونے پر آج رات 12 بجے ریٹائر ہوجائیں گے،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ میں ایک جج کی آسامی خالی ہوجائے گی, سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کل پاکستان کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے، نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی کل ہونےوالی حلف برداری میں شرکت کےلیےلاہور ہائیکورٹ کے18 ججز کو دعوت نامے موصول ہوگئےہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ ریٹائرمنٹ کے بعد لاہور میں قیام کریں گے جبکہ چیف جسٹس ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان 62 سال عمر پوری ہونے پر 31 دسمبر کو ریٹائر ہوں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد مبین بھی 62سال عمر پوری ہونے پر31 دسمبر کو ریٹائر ہوں گے،چیف جسٹس سردار محمد شمیم اور جسٹس شاہد مبین کی ریٹائرمنٹ کے بعدہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 17ہوجائے گی۔