مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رضوان نقوی) جوہر ٹاؤن میں 100 کنال رقبہ پر کھوکھر پیلس کی غیر قانونی تعمیر کا معاملہ، اینٹی کرپشن نے ایل ڈی اے سے نقشہ منظور کرائے بغیر محل نما رہائشگاہ تعمیر کرنے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور علامہ اقبال ٹاؤن کے ٹاؤن آفیسر پلاننگ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور ریجن میں ڈی جی ایل ڈی اے نے کھوکھر پیلس کی غیر قانونی تعمیر کا معاملہ انکوائری کے لے بھجوایا تھا، اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن شاہ رخ نیازی نے انکوائری کے بعد لیگی ایم این اے افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے بڑے بھائی ملک شفیع کھوکھر کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔

اینٹی کرپشن نے اختیارات سے تجاوز کرکے کھوکھر پیلس کا نقشہ منظور کرنے پر ٹی ایم اے علامہ اقبال ٹاؤن کے ٹاؤن آفیسر پلاننگ چوہدری محمد سلیم کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کر دیا ہے۔ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق ایل ڈی اے کنٹرولڈ علاقوں میں تعمیرات سے قبل ایل ڈی اے سے بلڈنگ پلین منظور کرانا ضروری ہے جب کہ کھوکھر برادران نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے ایل ڈی اے سے منظوری لئے بغیر ٹی ایم اے علامہ اقبال ٹاؤن سے نقشہ منظور کروا کر محل نما عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کرلی۔

اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرکے ایم این اے افضل کھوکھر، ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر اور ملک محمد شفیع کھوکھر کو طلب کرلیا ہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق کھوکھر برادران کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

لاہور میں اور کیا کچھ ہو رہا ہے ؟ جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں

https://www.youtube.com/channel/UCdTup4kK7Ze08KYp7ReiuMw