ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

افغانستان، چین اور پاکستان کا انسداد دہشتگردی امور پر سہ فریقی اجلاس آج ہوگا

افغانستان، چین اور پاکستان کا انسداد دہشتگردی امور پر سہ فریقی اجلاس آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک :کابل میں افغانستان، چین اور پاکستان کا انسداد دہشتگردی امور پر سہ فریقی اجلاس آج ہوگا۔

 چینی وزیر خارجہ وانگ ژی جمعرات کے روز اسلام آباد کا دورہ کریں گے اور چھٹے پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کر یں گے، جب کہ کابل آج پاکستان اور چین کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور دیگر امور پر سہ فریقی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔

 افغان وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 20 اگست کو چینی حکمران جماعت کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی، اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کابل کا دورہ کریں گے اور سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 توقع ہے کہ ان مذاکرات میں پہلے سے کیے گئے وعدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جن میں انسداد دہشت گردی کے تعاون، چین-پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کو افغانستان تک توسیع دینے، اور علاقائی تجارت و روابط کو مضبوط بنانے جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔

افغان وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس کے شرکا مشترکہ مفادات، باہمی سمجھوتے اور وسیع تعاون کی بنیاد پر مستقبل کے تعلقات کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کریں گے۔ 

 یہ طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد افغانستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے، ایک روزہ ڈائیلاگ پر مشتمل ہوگا، جس میں وانگ ژی، اسحاق ڈار، اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی شرکت کریں گے۔

 وانگ ژی کابل میں اجلاس کے بعد اسلام آباد روانہ ہوں گے  تاکہ 21 اگست کو پاک-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں۔

 میڈیا رپورٹ  کے مطابق  اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا پانچواں دور مئی 2024 میں بیجنگ میں اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا تھا۔

 دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پروانگ ژی 21 اگست 2025 کو چھٹے پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔

 بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کا مقصد ’ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘ کو مزید گہرا کرنا، باہمی مفادات پر حمایت کی توثیق، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا، اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

 گزشتہ ماہ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر وانگ ژی سے ملاقات کی تھی، جہاں انہوں نے زراعت، کان کنی، صنعت اور سکیورٹی سمیت کلیدی شعبوں میں باہمی حمایت کی تصدیق کی تھی۔