ویب ڈیسک:بھارت کے مشہور گلوکار زوبین گارگ 52 برس کی عمر میں سنگاپور میں ایک المناک سکوبا ڈائیونگ حادثے کے بعد انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زوبین گارگ کو تیراکی کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد سنگاپور پولیس نے انہیں پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
اطلاعات کے مطابق گلوکار کو فوری طور پر اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں رکھا گیا، تاہم ڈاکٹرز کی تمام تر کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
زوبین گارگ کی اچانک موت کی خبر نے بھارت بھر میں شوبز اور مداحوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے اور سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی ریاست آسام سمیت پورے شمال مشرقی بھارت اور ملک کے دیگر حصوں سے مداحوں نے اس عظیم فنکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
گلوکار کے مداح، ساتھی فنکار اور شوبز شخصیات دل گرفتہ پیغامات کے ذریعے ان کی فنی خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔
زوبین گارگ کو بھارتی موسیقی میں ایک ثقافتی علامت سمجھا جاتا تھا، وہ آسامیہ، ہندی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں میں اپنی سریلی آواز کے جادو سے لاکھوں دلوں پر راج کرتے تھے۔
ان کے مشہور گانوں میں بالی ووڈ فلم " گینگسٹر" کا سپر ہٹ گانا "یا علی" اور متعدد دیگر کامیاب ٹریک شامل ہیں۔
سنگاپور پولیس کے مطابق حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بھارتی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ان کے جسد خاکی کو بھارت منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کیے جا سکیں۔