سابق وزیراعظم میاں نوازشریف علاج کیلئے لندن پہنچ گئے

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف علاج کیلئے لندن پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد  اور سابق وزیراعظم  نواز شریف  لندن ایئر پورٹ سے ایون فیلڈ فلیٹس پہنچ گئے۔

سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف ایئر پورٹ سے ایون فیلڈ پہنچنے پر لیگی کارکنوں نے اپنے قائد کا شاندار استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔ نواز شریف کو ایئر پورٹ پر خصوصی پروٹول دیا گیا اورگاڑیوں کو  رن وے تک آنے کی اجازت دی گئی ۔ ایئرایمبولینس نے پاکستانی وقت کے مطابق ہیتھرو ائیرپورٹ پر 10 بج کر 28 منٹ پر لینڈ کیا، نوازشریف کے لیے ایئرپورٹ پر ایمبولینس اور  گاڑیاں پہنچائی گئیں۔ میاں نواز شریف کو گریٹ ساؤتھ ویسٹ روڈ کی جانب سے وی وی آئی پی گیٹ سے رسیو کیا گیا۔

سابق وزیراعظم جاتی امراء سے لاہور ائیر پورٹ پہنچے جہاں سے نواز شریف قطری ائیرایمبولینس اے 7 ایم ای ڈی پر براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئے، نوازشریف کے ہمراہ ان کے چھوٹے بھائی شہبازشریف اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ہیں،سابق وزیر اعظم نوازشریف کی لندن روانگی کے موقع پر مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت ایئرپورٹ پر موجودتھی، ن لیگ کے رہنما راجہ ظفرالحق،احسن اقبال،خواجہ آصف، پرویز رشید،رانا مشہود سمیت دیگر نے سابق وزیر اعظم کو صحت یابی کی دعاؤں کے ساتھ الوداع کہا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم کو قافلے کی صورت میں بذریعہ رنگ روڈ جاتی امرا سے ایئرپورٹ لایا گیا،  نوازشریف کی  لندن روانگی کے موقع پر جاتی امرا سمیت ائیرپورٹ جانے والے تمام راستوں پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز ایئرپورٹ نہیں آئیں۔ انہوں نے والد کو گھر سے ہی الوداع کہا۔ لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے سابق وزیراعظم کو رخصت کیا، موقع پر موجود سینکڑوں لیگی کارکنوں نے میاں نوازشریف کی گاڑی پر گل پاشی کی، ان کے حق میں نعرے بازی کی۔

Sughra Afzal

Content Writer