ملک اشرف : توہین عدالت کیس میں ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان ہائیکورٹ پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے نامکمل رپورٹ پر اظہار ناراضگی کیا ۔ ڈی پی او کی وضاحت اور معذرت پر 6 سال پرانی درخواست نمٹادی گئی ۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے خاتون کنیز فاطمہ کی دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پیش ہوئے ۔ پولیس کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے رپورٹ پیش کی۔ چیف جسٹس نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ڈی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کیوں مکمل جواب جمع نہیں کرواتے؟ڈی پی او نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ غلطی مانتے ہیں۔اِس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا رپورٹ میں تاریخ کا ذکر تک نہیں ۔ آفتاب پھلروان نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی۔بعد ازاں عدالت نے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔