جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا

جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل، حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی  حکومت نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کرلیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر “نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری کردیا جبکہ وزیراعظم نے نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر یوم تکبیر ملک بھر میں قومی جذبے سے منایا جائے۔

وزیراعظم نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا ،28 مئی 1998 قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے، یہ وہ تاریخی دن ہے جب بیرونی طاقتوں کے دباوٴ اور دھمکیوں یو کے باوجود قومی قیادت نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء، ڈاکٹر، میڈیا، محنت کش، سول سوسائٹی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔

یاد رہےکہ28 مئی 1998 کو بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر پانچ کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے،  اس دن کو یوم تکبیر کے نام سے موسوم کیا گیا تھا، اس لیے ہر سال 28 مئی کو یوم تکبیر منایا جاتا ہے۔