سٹی 42: گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ کے علاقے اولڈینگ میں چراگاہ کے تنازعے پر ہونے والے خونریز تصادم کے مقدمے میں پولیس نے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گلگت بلتستان پولیس کے مطابق واقعے میں مفرور دو ملزمان زاہد اور شیر کو تھانہ گلتری کی پولیس نے انچارج امان علی کی نگرانی میں فلٹکس چرگاہ کے علاقے سے گرفتار کیا۔ دونوں ملزمان واقعے کے بعد فرار تھے۔
واضح رہے کہ 16 جولائی کی شام چراگاہ کے تنازعے پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں تین افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل گلگت بلتستان پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی ہدایات کے مطابق کیس کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ دونوں فریقین کو قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جا سکے۔