عرفان شاہ: گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کی وادی ہوشے سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما علی امان ہوشیوی اور الیاس ہوشیوی نے دنیا کی خطرناک چوٹیوں میں شمار ہونے والے نانگا پربت کو کامیابی سے سر کر لیا۔
دونوں کوہ پیماؤں نے چوٹی پر پہنچ کر قومی پرچم لہرایا اور اپنی کامیابی کا جشن منایا۔ علی امان ہوشیوی معروف کوہ پیما لٹل کریم کے بھانجے ہیں اور اس سے قبل کے ٹو، بروڈ پیک سمیت کئی دشوار گزار چوٹیاں بھی سر کر چکے ہیں۔
نانگا پربت سر کرنے کے بعد علی امان ہوشیوی نے اپنی کامیابی افواجِ پاکستان اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت آج ہم امن اور آزادی کے ساتھ اپنے خواب پورے کر رہے ہیں۔
علی امان ہوشیوی اور الیاس ہوشیوی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ مستقبل میں دنیا کی تمام آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیاں سر کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔