ارباز خان:جوہر ٹاؤن کے بلاک ای ون میں واقع فلٹریشن پلانٹ طویل عرصے سے بند ہونے کے باعث علاقہ مکین صاف پینے کے پانی سے محروم ہیں، جبکہ انہیں مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
رہائشیوں کے مطابق فلٹریشن پلانٹ کی بندش کے باعث روزمرہ ضروریات کے لیے صاف پانی کا حصول ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود پلانٹ تاحال فعال نہیں کیا جا سکا۔
شہریوں کا مؤقف ہے کہ فلٹریشن پلانٹ کی غیر فعالیت نے نہ صرف ان کے اخراجات میں اضافہ کیا ہے بلکہ صاف پانی کی عدم دستیابی صحت عامہ کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے واسا اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جوہر ٹاؤن بلاک ای ون کے فلٹریشن پلانٹ کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔