سٹی 42:شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خبر آگئی، پی ایس ایل میچز میں شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا گیا۔
کورونا وائرس کی مشکل صورت حال میں شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خبر آگئی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کے دوران شائقین کو میچز دیکھنے کی اجازت دینے کے لئے این سی اوسی سے رابطہ کرلیا، اس سلسلے میں پی سی بی نے سال 2021 کے لئے ٹکٹوں کے لیے ٹینڈر نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے معاملے پر مقامی حکومتوں سے بھی رابطہ کیا ہے، شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے کی اجازت دینے کے معاملے پر این سی او سی حکام فروری کے پہلے ہفتے میں کرونا صورت حال کا جائزہ لے کر جواب دیں گے۔ اجازت ملنے کی صورت میں محدود تعداد میں شائقین اسٹیڈیم میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ اجازت ملنے پر لاہور میں 12 ہزار اور کراچی میں 14 ہزار شائقین ہر میچ دیکھ سکیں گے۔
یاد رہے پی ایس ایل سکس کیلئے تمام فرنچائزز نے اپنی ٹیموں کیلئے کھلاڑیوں کاحتمی انتخاب کرلیا ہے۔ سیزن سکس میں ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون باؤلر راشد خان لاہور قلندرز کی نمائندگی کرینگے۔شاہین آفریدی اور محمد حفیظ جیسے مایہ ناز کھلاڑی بھی لاہوریوں کی ٹیم کی شان بڑھائیں گے۔ دفاعی چیمپئین کراچی کنگز نے کولن انگرام کی پاور ہٹنگ پر بھروسہ کیا، کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر روشنیوں کے شہر کراچی کی نمائندگی کرینگے۔
پشاور زلمی نے جنوبی افریقن بلے باز ڈیوڈ ملر کو پک کیا ہے۔ شعیب ملک کی بیٹنگ اور وہاب ریاض کی باؤلنگ کا تجربہ مشکل صورت حال میں ٹیم کے کام آئے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جارح مزاج بلے باز ویسٹ انڈین کرس گیل کو پک کیا ہے، انگلش اوپنر ٹام بینٹن بھی گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے ہیں جبکہ سرفراز احمد کمان سنبھالیں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے جارح مزاج انگلش بلے باز ایلکس ہیلز پر دوبارہ اعتماد کیا ہے، وائلڈ کارڈ پک کے ذریعے فاسٹ باؤلر حسن علی کو بھی سکواڈ میں شامل کیا۔شاداب خان کی کپتانی اور آل راؤنڈر کارکردگی کےساتھ آصف علی کی جارج مزاج بلے بازی اور نوجوان آل راونڈر احمد صفی عبداللہ کی موجودگی ٹیم کے پلے آف تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم نے آسٹریلوی کھلاڑی کرس لین کو منتخب کیا ہے، بوم بوم آفریدی اور رائلی روسو بھی ٹیم کا بیلنس برقرار رکھے گے،مجموعی طور پر سینتیس غیر ملکی کھلاڑی بیس فروری سے شروع ہونیوالے کرکٹ میلے میں ان ایکشن ہوں گے۔