عمران یونس:امتحانات سر پر آ گئے مگر پنجاب کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں تاحال مستقل چیئرمین تعینات نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے دو ماہ قبل چیئرمین اور سیکرٹری بورڈز کی بھرتیوں کیلئے درخواستیں طلب کی تھیں، تاہم عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور سیکرٹری کے عہدوں کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کی سکروٹنی مکمل ہو چکی ہے لیکن اب تک انٹرویوز منعقد نہیں کیے جا سکے۔ چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر کے عہدوں کیلئے تقریباً 1500 درخواستیں موصول ہوئیں۔
دوسری جانب پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 27 مارچ سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہونے جا رہے ہیں، جس کے پیش نظر تعلیمی ماہرین نے فوری طور پر مستقل چیئرمین تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کا مؤقف ہے کہ مستقل افسران کی عدم تعیناتی سے امتحانی انتظامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پالیسی فیصلوں اور نگرانی کے امور بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف اور میرٹ پر تعیناتیاں جلد مکمل کی جائیں تاکہ امتحانات کا انعقاد بغیر کسی رکاوٹ کے ممکن بنایا جا سکے۔