سٹی42: کراچی میں مسلسل بارش کے سبب سڑکیں ندیاں بن گئیں، بسوں کا چلنا ناممکن ہو گیا۔ انتظامیہ نے شہر میں بہت سے روٹس پر چلنے والی پیپلز بس سروس کو بند کر دیا ۔
انتظامیہ نے بتایا کہ آج بارش کے دوران کئی سڑکوں پر پانی زیادہ جمع ہو گیا ہے، پیپلز بسوں کی بناوٹ ایسی ہے کہ اس کے مسافروں کے بیٹھنے کے کمپارٹمنٹ کو مسافروں کی سہولت کے لئے نیچا بنایا گیا ہے۔ بس کے فرش کی اونچائی کم ہونے کے باعث بارش کا پانی بسوں کے اندر داخل ہوگیا جس کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
حفاظتی اقدامات کے تحت پیپلز بس سروس معطل کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سڑکوں پر پانی کی سطح کم ہوگی پیپلز بس سروس دوبارہ بحال کر دی جائے گی۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ اور این ڈی ایم اے نے کراچی میں بارش دو دن مزید جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم انتظامیہ کہہ رہی ہے کہ بارش رکنے سے سڑکوں پر پانی کی مقدار کم ہوتے ہی شہریوں کو پیپلز بس کی سروس دوبارہ فراہم کر دی جائے گی۔