(علی اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک کو مقروض کرنے والے کس منہ سے رہنمائی کا دعویٰ کرسکتے ہیں؟ عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے اور نہ ہی شوبازیاں کریں گے، کرپشن کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، قوم آگے بڑھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جیتنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا ’’کرپشن فری پاکستان‘‘ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے، سچ بولتے ہیں اور سچی لگن سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، تنقید کی کوئی پرواہ نہیں۔
ملاقات کرنیوالوں میں قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، سید صمصام بخاری، سردار حسنین بہادر دریشک، چوہدری ظہیرالدین، محسن خان لغاری، اراکین اسمبلی سردار ریاض، محمود خان مزاری، نیاز احمد جھکڑ، چوہدری محمد شفیق، غلام مرتضیٰ، احمد علی خان دریشک، مخدوم رضا بخاری، سابق رکن اسمبلی علی رضا دریشک، سابق وزیر مملکت معظم جتوئی، وائس چیئرپرسن اوورسیزپاکستانیز کمیشن پنجاب وسیم اختر اور بریگیڈئیر (ر) اسلم گھمن سمیت دیگر شامل تھے۔