سٹی42: شہر لاہور میں قائم پرائیویٹ پارکنگ سٹینڈز کو ریگولرائز کیا جائے گا۔
پرائیویٹ پلاٹوں کے اندر پارکنگ سٹینڈز کو لائسنس کا اجراء کیا جائے گا اور پارکنگ لائسنس کی ہر سال تجدید کروانا ہوگی۔ ابتدائی طور پر شہر کے 242 پارکنگ سٹینڈز کی نشاندہی کر لی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید پارکنگ سٹینڈز کو ریگولرائز کیا جائے گا۔
نجی سٹینڈز پر پارکنگ فیس سرکاری نرخ کی نسبت زیادہ ہوگی جہاں موٹرسائیکل کے لیے 30 اور گاڑی کے لیے 50 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ سرکاری نرخ موٹرسائیکل کے 10 اور گاڑی کے 30 روپے ہیں۔ اس منصوبے سے ایم سی ایل کو لائسنس فیس کی مد میں لاکھوں کی آمدن متوقع ہے۔
منصوبے سے قانونی و غیرقانونی پارکنگ کی بحث کا خاتمہ ہوگا۔ ایم سی ایل نے تجویز پر ہوم ورک کرکے مسودہ ڈپٹی کمشنر کو ارسال کر دیا ہے اور پرائیویٹ پارکنگ سٹینڈز کو ریگولرائز کرنے کے لیے ڈی سی کی حتمی منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔