عبوری ضمانت والے ملزم کو عدالت پیش نہ کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر کو نوٹس

عبوری ضمانت والے ملزم کو عدالت پیش نہ کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت دیگر کو نوٹس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( ملک اشرف ) لاہور ہائیکورٹ نے عبوری ضمانت والے ملزم کو دوسرے مقدمات میں گرفتار کرکے پہلے میں شنوائی کا موقع نہ دینے کے خلاف درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اور سی پی او گوجرانوالہ سمیت دیگر افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 ستمبر کو طلب کرلیا۔

جسٹس فاروق حیدر نے ملزم فرحان مسعود خان کی جانب سے دائر درخواست پر حکم جاری کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ملزم کے خلاف تھانہ کینٹ گجرانوالہ میں فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزم نے ایڈیشنل سیشن جج گجرانوالہ کی عدالت سے عبوری ضمانت کروالی۔ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ پولیس نے فراڈ کا ایک اور مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھجوادیا۔

متعلقہ جج نے عبوری ضمانت اس بناء پر خارج کر دی کہ ملزم جیل میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکا۔ عبوری ضمانت والے ملزم کو دوسرے مقدمہ میں گرفتاری کی صورت میں جیل سے طلب کیا جاسکتا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج کا ملزم کی گرفتاری کی صورت میں پیش نہ ہونے پر عبوری ضمانت خارج  کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت عبوری ضمانت والے دوسرے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی ضمانت خارج کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔