ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا؛ صدرِ مملکت

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا؛ صدرِ مملکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

 صدر مملکت آصف علی زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف مسلم ورلڈ لیگ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کی میزبانی میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس قابل تعریف اقدام ہے، سیرت النبی ﷺ میوزیم، پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مشترکہ احترام اور عقیدت کی علامت ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان مجوزہ معاہدے کو صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے اہم قرار دیا اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ امن کی ہر کوشش میں پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیرنو کو یقینی بنانا چاہیے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، سعودی ولی عہد کے دورۂ پاکستان سے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ امت مسلمہ کے اتحاد، مکالمے، رواداری اور انسانیت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان سے دوستی کو مملکت سعودی عرب اپنے لیے باعث فخر سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا سیاسی سفر قابلِ تحسین اور متاثرکن ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے صدر زرداری کو محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی وراثت آگے بڑھانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور تعلقات کا مظہر ہے۔