تبلیغی جماعت کے امیر  حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ اداکردی گئی

تبلیغی جماعت کے امیر  حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ اداکردی گئی
کیپشن: City42 - Haji Abdul Wahab
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب طویل علالت کے بعد 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ بعد از نماز مغرب اجتماع گاہ رائیونڈ میں ادا کی گئی.

تفصیلات کے مطابق تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، ممتاز تبلیغی رہنماء مولانا نذرالرحمان نے نماز جنازہ پڑھائی ، نماز جنازہ سے قبل حاجی عبدالوہاب کی وصیت پڑھ کر سنائی گئی ، حاجی عبدالوہاب سابق امیر محمد بشیر کے پہلو میں سپرد خاک  کیا گیا، مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیت،تبلیغی جماعت کے امیر  حاجی عبدالوہاب گزشتہ کئی روز سے ڈاکٹرز ہسپتال میں زیر علاج تھے، ڈینگی بخار کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا حاجی عبدالوہاب کو سانس اور سینے کی تکلیف بھی تھی۔ جس کے باعث رواں سال کے تبلیغی اجتماع میں شرکت بھی نہیں کرسکے۔گزشتہ رات حاجی  عبدالوہاب  کی طبیعت کا فی خراب ہو گئی جس کی وجہ سے وہ اس جہاں فانی سے رحلت فرما گئے، ان کے انتقال پر مذہبی ، سیاسی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور علماء کرام  نے افسوس کا اظہار کیا۔ 

ممتازعالم دین  حاجی عبدالوہاب کی زندگی پر ایک نظر۔۔

ممتازعالم دین  حاجی عبدالوہاب1922 کو انڈیا کے شہر دہلی میں  پیدا ہو ئے ہجرت کے بعد پاکستان آئےاور وہاڑی کی تحصیل بورےوالا کے چک تین سواکتیس میں سکونت اختیارکی۔  ان کا تعلق راجپوت راؤ برادری سے تھا، اسلامیہ کالج لاہور سے گریجو ایشن کیا، گریجوایشن کے بعد تحصیلدار کی نو کری شروع کی لیکن دعوت و تبلیغ کے لیے سرکاری ملازمت کو خیرباد کہہ دیا۔  انہوں نے تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مسلم دنیا کے 500سو بااثر شخصیات میں 10ویں نمبر پر تھے ، ان کا شمار  پاکستان کے ان پانچ لوگوں میں ہوتا ہے جہنوں نے اپنی پوری زندگی تبلیغ کے لئے وقف کی ، محمد شفیع قریشی تبلیغی جماعت کے پہلے امیر تھے ان کی وفات کے بعد حاجی محمد بشیر دوسرے امیر مقرر ہوئے جبکہ حاجی عبدالوہاب تیسرے امیر مقرر ہو ئے۔

وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس

وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف، سینئر لیگی رہنما حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب، مولانا فضل الرحمان اور سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور انکی فروغ دین کیلئے انجام دی گئی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کی  مغفرت کیلئے دعا کی۔

Sughra Afzal

Content Writer