عابد چودھری:کینال پر لوڈر رکشوں اور چنگ چی رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لوڈر رکشے انتہائی خطرناک انداز میں سامان لوڈ کرتے ہیں جو حادثات کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی رکشے بے ہنگم ٹریفک اور سست روی کا باعث بنتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے آٹو رکشوں میں ڈرائیور کے ساتھ اضافی سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق دھرمپورہ، مغلپورہ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ لوڈر اور چنگ چی رکشوں کے خلاف کارروائی میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔