ویب ڈیسک: بجٹ سے قبل ہی بجلی صارفین کیلئے ریلیف کی امید پیدا ہو گئی ہے، کیونکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے کراچی سمیت تمام صارفین مستفید ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا اس معاملے پر کل سماعت کرے گا، جہاں صارفین کو ریلیف دینے کی درخواست پر غور کیا جائے گا۔ ڈسکوز کی جانب سے جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے ریلیف کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں کیپسٹی چارجز میں 36 ارب 84 کروڑ روپے کمی، سسٹم استعمال کے چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں 11 ارب 24 کروڑ روپے کمی جبکہ انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی استدعا کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق لاگت کی بنیاد پر حساب لگایا جائے تو بجلی ٹیرف میں کمی بنتی ہے، تاہم فی یونٹ کتنی کمی ہوگی اس کا حتمی فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ہی کرے گا۔ دوسری جانب آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ بجلی کے نرخ لاگت کی وصولی کے مطابق رکھے جائیں۔