(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں مبینہ بد عنوانی کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب نے رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم دیدیا، چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے کی بلاامتیاز، میرٹ اور شفاف تحقیقات کی جائیں، منصوبے کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے وزیر اعظم نے ہمیشہ کہا ہے کہ اگر کسی فرد کا کسی انکوائری میں صحیح یا غلط نام آتا ہے تو جب تک اس کا نام کلیئر نہ ہو جائے اس وقت تک اسے عوامی عہدے کو چھوڑ دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ انکوائری میں عائد الزامات کے پیش نظر جب تک میرا نام ان الزامات اور میڈیا کے مکروہ جھوٹ سے کیء نہیں ہوجاتا، اس وقت تک میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔
زلفی بخاری نے کہا کہ میرا رنگ روڈ یا کسی بھی ریئل اسٹیٹ منصوبے سے کوئی تعلق نہیں اور جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ انکوائری قابل افراد کو کرنی چاہیے۔