انور عباس: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے آج کویت کے وزیرِ خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران کویتی وزیرِ خارجہ نے اپنی سرزمین پر جاری حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام فریق تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
جراح جابر الاحمد الصباح نے خطے میں مذاکرات، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے میں فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا قیام اولین ترجیح ہونا چاہیے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت جنگ بندی سے متعلق وعدوں کی مکمل پاسداری کی جانی چاہیے۔
وزیرِ خارجہ نے ایسے اقدامات سے گریز کی ضرورت پر بھی زور دیا جو خطے میں مزید کشیدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر آئندہ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔