سٹی 42: پنجاب میں جنرل پریکٹشنرز کے لیے سرٹیفکیٹ اِن فیملی میڈیسن پروگرام شروع کرنے کافیصلہ کر لیا گیا ہے یو ایچ ایس اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر نے کے ساتھ پرائمری ہیلتھ کیئر مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق چھ ماہی سرٹیفکیٹ اِن فیملی میڈیسن پروگرام کے ذریعے جنرل پریکٹشنرز کو جدید طبی تربیت دی جائے گی جبکہ جنرل پریکٹشنرز کو شواہد پر مبنی علاج، مریضوں کی حفاظت اور کلینیکل گورننس کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کے مطابق یو ایچ ایس سے منسلک تدریسی ہسپتالوں اور پنجاب کے منظور شدہ مراکز میں عملی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا بی ایل ایس، اے ایل ایس، ٹراما، ایمرجنسی، نوزائیدہ بچوں اور زچہ کی نگہداشت کے خصوصی سرٹیفکیشن کورسز شامل ہوں گے کامیاب امیدواروں کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن معیارِ علاج، مریضوں کی حفاظت، انفیکشن کنٹرول اور ٹرینرز کی تربیت میں معاونت فراہم کرے گا فیملی فزیشنز کی صلاحیتوں میں اضافے سے عوام کو فائدہ ہوگا تو وہیں بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں پر سے بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
سی ایس او پی ایچ سی ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز نے بتایا کہ پروگرام جنرل پریکٹشنرز کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کو نئی سمت دے گا جبکہ یو ایچ ایس کو مکمل سپورٹ کریں گے اُنہوں نے کہا کہ مزید سرٹیفیکٹ کورسز بھی شروع کیے جائیں گے۔